کورونا مزید 11 جانیں لے گیا- ملک بھر میں 135 اموات، 7025 افراد متاثر

لاہور: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 ہزار 25 تک پہنچ گئی جبکہ مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 135 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 3276، سندھ میں 2008، خیبر پختونخوا میں 993، بلوچستان میں 303، گلگت بلتستان میں 245، اسلام آباد میں 154 جبکہ آزاد کشمیر میں 46 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 84 ہزار 704 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6264 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 1765 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 44 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 135 ہوگئی۔ سندھ میں 45، پنجاب میں 36، خیبر پختونخوا میں 45، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 5 اور اسلام آباد میں ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

پنجاب

وائرس سے سب سے متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں لاک ڈاؤن کے 24 روز مکمل ہوگئے، صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید 133 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3276 ہوگئی، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد بھی بڑھ کر 35 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق اب تک 48381 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، قرنطینہ میں موجود زائرین مریضوں کی تعداد 701، تبلیغی جماعت کے مریض ارکان کی تعداد 1257 جبکہ قیدیوں کی تعداد 91 ہے جن میں لاہور، گوجرانوالہ، بھکر جیل کے قیدی بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 1227 عام شہری بھی کورونا کے مریض ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد لاہور میں ہے، صوبائی دارالحکومت میں 535، ننکانہ 18، قصور 9، شیخوپورہ 10، راولپنڈی 136، جہلم 33، اٹک 1، چکوال 4، گوجرانوالہ 50، سیالکوٹ 36، نارووال 8، گجرات 142، حافظ آباد 12، منڈی بہاؤ الدین 12، ملتان 27، خانیوال 2 جبکہ وہاڑی میں کورونا کے 35 مریض زیر علاج ہیں۔

فیصل آباد 36، چنیوٹ 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، جھنگ 1، رحیم یار خان 42، سرگودھا 14، میانوالی 11، لودھراں 3، ڈی جی خان 19، لیہ 1، اوکاڑہ 1، بہاولپور 6، بہاولنگر 8 جب کہ پاکپتن میں بھی ایک مریض زیر علاج ہے۔

فیصل آباد میں کورونا سے ایک اور ہلاکت ہوگئی، تبلیغی جماعت فیصل آباد کی مجلس شوریٰ کے ممبر غلام محمد آباد ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا، جاں بحق مریض کی فیملی کے 4 افراد میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ غلام محمد آباد ہسپتال ڈاکٹر اعجاز بھٹی کے مطابق یہ فیصل آباد میں کورونا سے دوسری ہلاکت ہے۔

راولپنڈی میں مہلک وائرس سے مزید 1 شہری جاں بحق ہوا جس سے راولپنڈی ڈویژن میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی، کہوٹہ کے رہائشی شخص کے دو بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

سندھ

سندھ میں 340 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 4 افراد جاں بحق ہوئے جس سے متاثرین کی تعداد 2 ہزار 8 تک پہنچ گئی، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد بھی 45 تک پہنچ گئی، صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اب تک 18 ہزار 900 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جس میں 340 نئے کیسز کے بعد مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 2008 ہوگئی ہے۔

صوبے میں مزید 16 افراد کے ٹھیک ہونے کے ساتھ صحت یاب ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 576 ہے، 45 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ سانگھڑ میں تبلیغی جماعت کے 11 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں 81 نئے مریض سامنے آئے جبکہ مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے، جس سے متاثرین کی تعداد 993 ہوگئی جبکہ جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 45 تک پہنچ گئی۔ وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے رات گئے اپنے ٹویٹ میں نئے مریضوں کی تصدیق کی، 2 مریض پشاور جبکہ ایک نوشہرہ میں جاں بحق ہوا۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا کے 22 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 5 شہری جاں بحق ہوئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ متاثرین کی تعداد 305 ہوگئی ہے جبکہ 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 134 کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں نئے 8 مریض سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 245 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 نئے مریض سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 154 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 46 ہے، مزید 14 افراد کے ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں قرنطینہ مراکز سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ آزاد کشمیر میں اب تک کل 1135 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 1061 کے رزلٹ آچکے ہیں اور 46 افراد میں وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے جن میں سے 9 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
 

اپنا تبصرہ بھیجیں